غالب لائبریری کی مرمت اور تزئین
مورخہ:۱۱ اگست ۲۰۲۳ء
Report
رپورٹ
الحمدللہ 🌹 ادارۀ یادگار غالب کے صدر صبیح رحمانی ،معتمد تنظیم الفردوس ، خازن محمد طاہر قریشی اور جملہ اراکین ادارہ خوشی اور تشکر کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اہل کراچی کو یہ خبر دے رہے ہیں کہ ایک طویل مدت بعد غالب لائبریری (ناظم آباد) کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام شروع ہو چکا ہے ۔
اس سلسلے میں آج 11 اگست 2023 کو اسسٹنٹ کمشنر ٹو ناظم آباد محترمہ زینب جہانداد صاحبہ نے کمشنر آفس ضلع شرقی کے کارکنان کے ساتھ غالب لائبریری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کے ڈی اے کے شعبہٴ تعمیرات کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ اے سی صاحبہ نے صدر اور معتمد ادارہ کو بتایا کہ ڈی سی سنٹرل طحہ سلیم صاحب کو غالب لائبریری کی تاریخی حیثیت کی بحالی میں خاص دلچسپی ہے۔ غالب لائبریری شہر کا ایک نمائندہ ادارہ ہے ہم اس کے مسائل اور ضرورتوں سے واقف ہیں اس کا فعال اور مستحکم ہونا کراچی میں موجود اہل علم کا خواب تھا جو اب تعبیر سے ہمکنار ہونے جارہا ہے ۔
ادارہ یاد گار غالب اس اہم موقع پر اپنے ان تمام کرم فرماوں کا ممنون ہے جنھوں نے ہر ہر مرحلے پر ہمارے ساتھ تعاون کیا اور اس ادارے کی بہتری میں ذاتی دلچسپی لی ۔ہمیں بروقت مناسب مشورے دیے ۔ رہنمائی کی اور ضروری احکامات جاری کیے ۔
ہم بے حد شکر گزار ہیں حکومت سندھ کے جس نے اپنے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں غالب لائبریری کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے رقم مختص کی ۔ ہم شکر گزار ہیں گورنر سندھ جناب محمد کامران ٹیسوری اور ان کے پی ایس جناب ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن ( سابق ایڈ منسٹریٹر کراچی ) جن کی ذاتی دلچسپی کی بنا پر وزیر اعلیٰ سندھ جناب سید مراد علی شاہ نے غالب لائبریری کے لیے سالانہ گرانٹ کے احکامات جاری کیے ۔
ہم بلدیہ عظمی کراچی کے جناب علی حسن ساجد صاحب کے تعاون کے لیے بھی شکرگزار ہیں ۔
ہم احسان مند ہیں آرٹس کونسل کے صدر جناب احمد شاہ صاحب کے جنھوں نے اس جدوجہد کا آغاز کیا اور انتہائی خلوص سے ارباب اختیار کو متوجہ کیا اور ضروری سہولتیں فراہم کیں ۔
ہم انجمن ترقی اردو پاکستان کے صدر جناب واجد جواد صاحب اور جناب عابد رضوی صاحب کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں مشکل وقتوں میں بہترین مشوروں اور سرپرستی سے نوازا ۔
ان شاءاللہ غالب لائبریری کی رونقیں جلد بحال ہوں گی اور یہ ادارہ اپنے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر بن کر شہر کی ادبی و سماجی خدمت میں ایک مرتبہ پھر فعال کردار ادا کرے گا.
صدر و اراکین
ادارہ یادگار غالب